وزیراعظم اور آرمی چیف سے افغان طالبان کی ملاقات

469

وزیراعظم عمران خان سے افغان طالبان کے وفد نے ملاقات کی ہےجس میں افغان امن عمل پر بات چیت کی گئی ہے۔

دورہ پاکستان پر آئے افغان طالبان کےسیاسی کمیشن کے وفد کی قیادت ملابردار کررہے ہیں۔وزارت خارجہ حکام سے ملاقات کے بعد افغان طالبان وفد پرائم منسٹر ہاؤس پہنچا جہاں انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم عمران خان نے طالبان وفد کو خوش آمدید کہا ، ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

ملاقات میں افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیراعظم نے مذاکرات کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن کے لیے مذاکرات ہی واحد راستہ ہے۔

قبل ازیں پاکستانی حکام اور افغان طالبان کے وفد کی ملاقات دفتر خارجہ میں ہوئی۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جب کہ 12 رکنی افغان طالبان کے وفد کی قیادت ملا عبد الغنی برادر نے کی۔

وزارت خارجہ سے جاری اعلامیہ کے مطابق افغان طالبان نے امن عمل کی جلد بحالی پر اتفاق کیا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امن مذاکرات کے لیے ماحول میں بہتری ضروری ہے اور مذاکرات کے لیے تشدد زدہ ماحول ختم ہونا چاہیے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے ، امن کے لیے مذاکرت ہی واحد اور مثبت راستہ ہے۔