وڈیو کیس: بری 3 ملزمان کے وارنٹ کی درخواست مسترد

106

اسلام آباد (اے پی پی) انسداد الیکٹرونک کرائم کی خصوصی عدالت نے جج ارشد ملک وڈیو کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت سے بری3 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے لیے ایف آئی اے کی درخواست مستردکردی ہے۔ ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم ایف آئی اے پراسیکیوٹر طیب شاہ کے ہمراہ انسداد الیکٹرانک کرائم کی عدالت کے جج طاہر محمود کے روبرو پیش ہوئی اورکہا کہ مقدمہ کا عبوری چالان جمع کرایا جا چکا ہے۔ ملزمان میں سے مرکزی ملزم میاں طارق جوڈیشل ریمانڈ پر جبکہ 2 ملزمان ناصربٹ اور سلیم رضا اشتہاری ہیں۔ 3 ملزمان ناصر جنجوعہ، مہر غلام جیلانی اور خرم شہزاد یوسف کوجوڈیشل مجسٹریٹ نے ایف آئی اے رپورٹ پر بری کیا جس کے بعد ڈی جی ایف آئی اے نے تفتیشی ٹیم تبدیل کی۔ بری ملزمان کے خلاف واضح شواہد موجود ہیں جو سمن جاری ہونے کے باوجود شامل تفتیش نہیں ہو رہے۔ وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں تاکہ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کی جا سکے۔ جج طاہر محمودخان نے ریمارکس دیے کہ جو بات آپ کررہے ہیں وہ آپ کے ہی خلاف جاتی ہے۔ بعد میں عدالت نے درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ سنایا۔