سندھ حکومت کا کچرا پھینکنے والوں کی نشاندہی پر انعام کا اعلان

327

سندھ حکومت نے کچرا پھینکنے اور گٹر میں پتھر ڈال کر بند کرنے والوں کی نشاندہی کرنے پر ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا۔

وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے دعویدارہی اسے گندا کررہے ہیں، کراچی میں جان بوجھ کرمسائل پیدا کیے جارہے ہیں۔ ایک شخص کو میں نے خود سڑک کے کنارے سے کچرا اٹھا کر بیچ میں ڈالتے ہوئے  دیکھا، میں نے کچرا پھینکنے والے شخص کی تصاویربھی لیں۔ مجھے بتایا گیا کہ کل صفائی کی گئی آج پھر اس جگہ پر کچرا ڈالا گیا۔

سعید غنی نے شہریوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ سیوریج لائنزمیں پتھر پھینکنے والوں کی ویڈیوبنائیں، کچراپھینکنے والوں کی نشاندہی کرنیوالوں اور گٹرمیں اینٹیں اور رضائیاں ڈالنے والوں کی اطلاع دینے والوں کوایک لاکھ روپے انعام دیاجائے گا۔ حکومت اکیلے کراچی کےمسائل حل نہیں کرسکتی۔

وزیرا طلاعات سندھ نے کہا کہ شہر میں صفائی مہم سے بہتری آنا شروع ہوئی ہے اور اس کے اچھے نتائج آرہے ہیں۔  کچرا یا ملبہ سڑکوں پر پھینکنا جرم ہے ایسا نہ کیاجائے، سڑکوں پرکچرا پھینکنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔گٹرمیں کچرا ڈالنے کی اطلاع واٹس ایپ نمبر 03000084296 پردیں۔