بھارت کیلئے فضائی حدود مسئلہ کشمیر کے حل تک بند کردی جائیں،لیاقت بلوچ

436

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور مجلس قائمہ سیاسی وپارلیمانی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عوام یکجہتی کشمیر کے لیے متحد ہیں اور مطالبہ کررہے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے خاتمے اور بنیادی انسانی حقوق کی بحالی کے لیے بھارت کو الٹی میٹم دیا جائے ۔بھارت کے لیے فضائی حدود صرف ایک بار نہیں بلکہ مسئلہ کشمیر کے حل تک مستقل بند کردی جائیں ۔جموں و کشمیر میں بھارتی دہشت گردی اور بھارتی جنگی جرائم پربھارت کو دہشت گرد ملک قرار دینے کے لیے عالمی دبائو بڑھایا جائے ۔کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے جس میں بھارت نے زبردستی فوج اتاردی ہے، اب حکومت پاکستان تذبذب اور بزدلی چھوڑے اور وہی اقدام کرے جو جموں و کشمیر کے مظلوموں کی مدد کے لیے ضروری ہے ۔ یکجہتی کشمیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ کشمیر یوں کی جدوجہد کے سامنے بھارت کو جھکنا پڑے گا۔کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور بہت جلد آزادی کی صبح طلوع ہوگی۔کشمیریوں کی پرامن احتجاج کی طاقت کی چوٹ کو بھارت برداشت نہ کرسکاتو نریندر مودی نے غاصبانہ فوجی قبضے کے بعد مقبوضہ کشمیر کو بھارت میں شامل کرنے کا مکروہ اقدام کیالیکن کشمیر بھارت میں شامل نہیں ہوا۔بلکہ مودی کا اقدام خود بھارت کے لیے بھاری ثابت ہوا ہے ۔کشمیر دینی ، نظریاتی ،اقتصادی اور معاشی ہر لحاظ سے پاکستان کا جز ہے ۔سیاسی اعتبار سے بھی خطے میں کشمیریوں کوحق خود ارادیت دینا ناگزیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ 47دن کے کرفیو نے کشمیر یوں کو عقوبت خانے میں محصور کردیا ہے۔ جموں و کشمیر سیاسی ،فوجی اور اقتصادی حیثیت سے پاکستان کی شہ رگ ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی قومی و بین الاقوامی اداروں پر اخلاقی دبائو بڑھانے کے لیے ملک گیر جدوجہد جاری رکھے گی۔