مسلم حکمرانوں کے رویے سے کشمیری سخت مایوس ہیں، صدر آزاد کشمیر

252

اسلام آباد (اے پی پی) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیر اور فلسطین اُمت مسلمہ کے حقیقی مسائل ہیں جن کا سنجیدہ حل ڈھونڈنا مشرق و مغرب کے ہر مسلمان کی دینی اور اخلاقی ذمے داری ہے، مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں پر ٹوٹنے والی قیامت پر بعض مسلمان حکمرانوں کے رویے سے اہل کشمیر کو سخت مایوسی ہوئی ہے لیکن اس بات پر اطمینان ہے کہ عرب و عجم کے عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے کشمیر ہائوس اسلام آباد میں مصر کی جامعہ الازہر کے شعبہ اُردو کے سربراہ محمد ابراہیم کی قیادت میں فیکلٹی ممبران پر مشتمل ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ عالم اسلام کی نااتفاقی اور باہم خانہ جنگیوں کے باعث بھارت اور اسرائیل کو مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں جانوں سے کھیلنے کی جرأت اور حوصلہ ملا ہے اور یہ مسائل اس وقت تک حل نہیں ہوں گے جب تک تمام مسلمان اتحاد و اتفاق کا عملی مظاہرہ نہیں کریں گے۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے مصری وفد کو آگاہ کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت نے 1947ء سے لے کر اب تک پانچ لاکھ کشمیریوں کو شہید اور اس سے زیادہ تعداد کو اپنا گھر بار چھوڑ کر ہجرت کرنے پر مجبور کردیا اور حال ہی میں ایک نیا حملہ کر کے 80 لاکھ سے زیادہ کشمیریوں کو اپنے گھروں میں قید کر رکھا ہے۔ انہوں نے جامعہ الازہر کو دنیائے اسلام کا مینارہ نور قرار دیتے ہوئے اپیل کی کہ جامعہ اپنے اساتذہ اور طلبہ کے ذریعے دنیا میں مسئلہ کشمیر کو اس کے حقیقی پس منظر میں اجاگر کرنے کے علاوہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم کو اجاگر کرے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفد کے سربراہ اور جامعہ الازہر کے شعبہ اردو کے سربراہ محمد ابراہیم نے صدر آزادکشمیر کو بتایا کہ ان کے وفد نے پاکستان اور آزادکشمیر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے مقبوضہ جموں وکشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے صدر کو یقین دلایا کہ مصر کے عوام مصیبت کی اس گھڑی میں مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں اور دعا گو ہیں کہ کشمیریوں کے مصائب اور مشکلات جلد ختم ہوں۔