عمران خان سیاست سے ریٹائرڈ ہوجائیں معیشت ٹھیک ہوجائے گی،ن لیگ

161

نارووال/اسلام آباد(آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے رہنما ئوں نے کہا ہے کہ عمران خان سیاست سے ریٹائر ہوجائیں تو ملکی معیشت ٹھیک ہوجائے گی، وزیراعظم کی نگاہیں اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیوں کو تیز کرنے کی طرف لگی ہیں،اپوزیشن رہنمائوں کو جیل میں سی کلاس کے بجائے ڈی کلاس بھی دے دیں تو ہم آپ کی نالائقیاں اور ناکامیاں عوام کو بتانے سے پیچھے نہیںہٹیںگے،قوم کو مقروض کرنے کا تاریخی ریکارڈ قائم کردیاگیا، حکومت کی نمایاں ترجیحات جھوٹ بولنا ،مہنگائی اور بیروزگاری میں اضافہ کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے اپنے ایک بیان جبکہ ترجمان ن لیگ نے حکومتی پریس کانفرنس کے ردعمل میں کیا۔احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان اور ان کی حکومت عقل سے پیدل اور صلاحیت سے عاری ہے اور کسی قسم کی عمل کرنے سے بھی محروم ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان سیاست سے ریٹائر ہوجائیں تو معیشت ٹھیک ہوجائے گی۔ عمران خان کی اپنی باری آئی ہے تو کہتے ہیں کہ 5 سال مجھ سے کوئی سوال نہ پوچھے۔ آپ نے ایک سال میں جتنا معیشت کو ڈبویا ، اتنا تو کوئی دشمن 10 سال بھی معیشت کو نقصان نہیں پہنچا سکتا ۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی نگاہیں اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیوں کو تیز کرنے کی طرف لگی ہیں، حکومت کا وژن ہے کہ وہ کہتی ہے جس کیخلاف 50 کروڑ کرپشن کی شکایت دائر کی جائے گی اسے جیل میں سی کلاس دی جائے گی، سی کلاس چھوڑ کر ڈی کلاس میں بھی بھیج دیں لیکن ہماری آوازیں چپ نہیں ہوں گی، ہم آپ کی نالائقیاں اور ناکامیاں عوام کو بتانے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ پنجاب بدترین انتظامی بحران کا شکار ہے، حکومتی نااہلی سے پولیو کے ہر روز نئے کیس سامنے آرہے ہیں، پنجاب میں ڈینگی سر اٹھا رہا ہے۔ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ملکی معیشت پر حکومتی پریس کانفرنس کے ردعمل میں بات کرتے ہوئے کہا کہ نالائق اور نااہل حکومت جھوٹ پہ جھوٹ بول کر معیشت ٹھیک کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی سب سے بڑی اور نمایاں ترجیحات میں جھوٹ بولنا، مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہے۔ وزیر اعظم عمران خان ٹی وی لگائیں تو انہیں پتا چلے کہ ان کی حکومت نے قوم کو مقروض کرنے کا نیا تاریخی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ایف بی آر کے مطابق 5.5 کھرب کا ریونیو ہدف حاصل نہیں ہوسکتا ہے لیکن حکومت ہے کہ جھوٹ بولے چلے جا رہی ہے۔ قرضوں کا حجم 330 کھرب 24 ارب تک پہنچ گیا اور صرف جولائی میں 1.23 کھرب روپے کا ریکارڈ قرض بڑھا ہے۔جولائی میں حکومتی قرضوں میں 12 کھرب 37 ارب کا اضافہ حکومتی نااہلی کا اعلان ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹس خسارے میں کمی سی پیک منصوبہ جات کے لیے سامان کی ترسیل بند ہونے سے آئی ہے اور اسٹیٹ بینک بتا رہا ہے کہ قرضوں کا حجم 330 کھرب 24 ارب تک پہنچ گیا ہے۔