جماعت اسلامی کی رکنیت اللہ سے وفاداری کا عہد ہے، معراج الہدیٰ

1459
کراچی: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ضلع وسطی گلبرگ میں اجتماع ارکان سے خطاب کررہے ہیں
کراچی: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ضلع وسطی گلبرگ میں اجتماع ارکان سے خطاب کررہے ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ ہم جماعت اسلامی کی رکنیت اختیار کرتے ہوئے اصلاً اللہ تعالیٰ سے وفاداری کا عہد کرتے ہیں کہ میری زندگی کا مقصد رضائے الٰہی کا حصول ہو گا اور میری نماز ، میری تمام مراسم عبودیت صرف اللہ رب العالمین کے لیے ہیں اور یہ عہد زندگی بھر کے لیے ہوتا ہے۔ وہ جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کے تحت منعقدہ اجتماع ارکان سے تجدید عہد رکنیت کے موضوع پر خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ نے مزید کہا کہ اقامت دین کی جدوجہد میں کردار سازی کی بہت اہمیت ہے اور کردار سازی رب سے تعلق کو مضبوط کر کے ہی کی جا سکتی ہے۔ تعلق باللہ کے لیے قرآن سے تعلق اور مطالعہ لٹریچر کی بہت اہمیت ہے۔ جماعت اسلامی کے ارکان کو نصاب رکنیت کا ازسر نو مطالعہ کرنا چاہیے ۔ مصر میں اخوان المسلمون اور بنگلا دیش میں جماعت اسلامی کے کارکنان آزمائشیں برداشت کر رہے ہیں اور استقامت کا مظاہرہ کر رہے ہیں اس میں کردار سازی کی بہت اہمیت ہے انہوں نے رب سے اپنے تعلق کو مضبوط بناتے ہوئے اقامت دین کی جدوجہد کو جاری رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں آج سید علی گیلانی کا موقف درست ثابت ہو رہا ہے۔ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کے لیے جماعت اسلامی اپنا ہر ممکن کردار ادا کرے گی اور ہم پوری امت اور پاکستانی قوم کو کشمیریوں کی جدوجہد میں شانہ بشانہ شامل کریں گے ۔اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے امیر ضلع گلبرگ وسطی فاروق نعمت اللہ نے کہا کہ آزادی مارچ کے بعد کشمیر کے لیے ہماری جدوجہد ختم نہیں ہوئی بلکہ ہم اس میں مزید تیزی لائیں گے۔