یورپ انسانیت کو بچانے کے لیے کشمیر میں فوری مداخلت کرے‘ راجا فاروق حیدر

179

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر بدترین لاک ڈاون کو 40 روز گزر گئے ہیں۔ ہندوستانی اقدامات انسانیت کے خلاف سنگین جرائم ہیں ۔یورپین پارلیمنٹ سمیت دنیا کے معتبر ادارے کشمیریوں کی آواز سن رہے ہیں۔مقبوضہ کشمیر کے اندر انسانیت سسک رہی ہے۔ یورپین یونین اگر
انسانیت کو بچانا چاہتے ہیں تو فوری مداخلت کریں۔وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ان خیالات کاا ظہار اپنی میزبانی میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس کی کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان اپوزیشن لیڈر آزادکشمیر چودھری یاسین، جماعت اسلامی آزادکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود، جمعیت علمااسلام کے سیکرٹری جنرل امتیاز عباسی، جمعیت اہل حدیث کے دانیال شہاب، عبداللہ گیلانی رفیق ڈار سمیت دیگر قائدین شریک تھے۔ اجلاس میں متفقہ طور پرفیصلہ کیا گیا کہ آزادکشمیر بھر میں مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریاست بھر میں بڑے اجتماعات کا انعقاد کیا جائے گا جس کے انتظامات و دیگر امور کے لیے وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی جس میں آل پارٹیز کانفرنس کے زیر انتظام ایل او سی مارچ کی تاریخ کا اعلان وزیراعظم پاکستان کی اپیل پر ان کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے بعد کیا جائے گا ۔