سامان اور آب زم زم چھوڑ آنا سعودی ائر لائن کا معمول بن گیا

115

کراچی (نمائندہ جسارت) سعودیہ ائرلائنز پاکستانی حجاج کے لیے آزمائش کا ذریعہ بن گئی ہے ۔ سعودی عرب میں ہی پاکستانی حجاج کا سامان چھوڑ آنا اور آب زم زم نہ لانا سعودیہ ائرلائنز کے معمولات میں شامل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے سعودیہ ائرلائنز کے ذریعے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جانے والے پا کستانی حاجیوں کو شدید تکلیف کا سامنا ہے۔ کراچی ائرپورٹ کے ذرائع کے مطابق 10ستمبر کو سعودیہ
ائرلائنز کی مدینہ منورہ سے آنے والی پرواز ایس وی 704 کے ڈیڑھ سو حاجیوں کا زم زم انہیں کراچی پہنچنے پر نہیں ملا، ائرلائن کی جانب سے حاجیوں کو بتایا گیا کہ زم زم طیارے پر لوڈ نہیں ہوسکا اگلی پرواز سے زم زم بھیج دیا جائے گا، لیکن 2روز گزر جانے کے باوجود حاجیوں کو زم زم ابھی تک نہیں ملا ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی حاجی اندرون سندھ سے تعلق رکھتے ہیں اورآب زم زم کے انتظار میں انہیں شدید تکلیف کا سامنا ہے ۔ جمعرات کو بھی پرواز نمبر SV700 کے ذریعے آنے والے 50 حاجیوں کا سامان سعودیہ ائرلائنز مدینہ منورہ کے ائر پورٹ پر ہی چھوڑ آئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی ایرلائن کی جانب سے مسافروں خصوصا ًحجاج کرام کا سامان اور زم زم سعودی عرب کے ائرپورٹس پر ہی چھوڑ آنا معمول بن گیا ہے اور ہر دوسرے دن اس طرح کی صورتحال کا سامنا ہے ۔ اب تک پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس صورتحال کا کوئی نوٹس نہیں لیا ہے اور نہ ہی سعودیہ ائرلائنز کا اس امر کا پابند کیا ہے کہ وہ حجاج کا سامان اور آب زم زم مسافروں کے ساتھ لانے کو یقینی بنائے ۔
آب زم زم