پاک افغان طورخم بارڈر پرسہولیات سے تجارت بڑھے گی،محمودخان

249

پشاور(آن لائن)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاک افغان طورخم بارڈر کو24/7 گھنٹے تجارتی سرگرمیوں کے لیے کھولنے کے بعد اگلے مرحلے میں بارڈر کے انفرااسٹرکچر کو بہتر کیا جائے گا، بارڈر پر تاجروں اور مسافروں کوتمام تر سہولیات بھی مہیا کی جائیں گی، افغانستان کے ساتھ تعلیم ، صحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کومزید بڑھایا جائے گا۔ طورخم بارڈر پر مریضوں کے لیے طبی مراکز قائم کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ وسطی ایشیائی ممالک تک تجارتی سرگرمیاں بڑھائی جائیں۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان بہت جلد طور خم بارڈرکوتجارتی سرگرمیوں کیلیے24گھنٹے کھلا رکھنے کا افتتاح کریں گے۔ وہ پاک افغان طور خم بارڈر کے افتتاح کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس میں وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش، چیف سیکرٹری سلیم خان ، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ شہاب علی شاہ، سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، سیکرٹری صحت، ڈی جی این ایل سی ، ایم ڈی کے پی آئی ٹی بورڈ ، ڈپٹی کمشنر خیبراور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔