سانحہ ساہیوال: مقتول خلیل کے بھائی اور بچوں کا ملزمان کی شناخت سے انکار

130

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں بدھ کو دوران سماعت سانحہ ساہیوال میں مقتول خلیل کے بھائی اور بچوں نے ملزمان کی شناخت کرنے سے انکار کردیا۔ اس موقع پر مقدمے کے ملزمان پولیس اہلکاروں صفدر، احسن، رمضان، سیف اللہ، حسنین اور ناصر نواز کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا، مقتول ذیشان کے بھائی احتشام نے عدالت کے روبرو اپنا بیان ریکارڈ کرایا، مقتول خلیل کے بچوں عمیر، منیبہ اور بھائی جلیل نے بھی بیان ریکارڈ کرادیا جبکہ مقتول خلیل کے بچوں اور بھائی نے ملزمان کو شناخت نہ کرسکنے کا بیان دیا۔ عمیر اور منیبہ کا کہنا تھا کہ وہ گولی چلانے والے اہلکاروں کی شناخت نہیں کرسکتے۔ مقتول کے بھائی جلیل نے بیان دیا کہ وہ موقع پر موجود نہیں تھا۔ عدالت نے مزید گواہوں کو شہادتوں کے لیے طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 13 ستمبر تک ملتوی کردی۔ یاد رہے کہ رواں سال جنوری کی سہ پہر پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ساہیوال کے قریب جی ٹی روڈ پر مشکو ک مقابلے کے دوران گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں ایک شہری خلیل، اس کی اہلیہ اور 13 سالہ بیٹی سمیت 4 افراد جاں بحق اور 3 بچے زخمی ہوگئے جبکہ 3 مبینہ دہشت گردوں کے فرار ہونے کا دعویٰ کیا گیا۔