غلبہ دین کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہے گی،لیاقت بلوچ

426

لاہور(نمائندہ خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے مدینہ منورہ میں پاکستان سے آئے ہوئے جماعت اسلامی کے کارکنان اور احباب کے اجلاس میں جماعت اسلامی کے 78 ویں یوم تاسیس پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی کا 78 سالہ اقامت دین کا سفرقابل فخر، باوقار اور دینی ، سیاسی ، سماجی محاذ پرکام کرنے والوں کے لیے رول ماڈل ہے ۔ غلبہ دین اور پاکستان کو ریاست مدینہ کے طرز کا نظام دینے کے لیے بے مثال جدوجہد جاری رہے گی ۔ مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ نے اقامت دین کی جس تحریک کا آغاز کیا ، اس کی میاں طفیل محمد ، قاضی حسین احمد ، سید منورحسن نے امانت و دیانت اور محنت سے حفاظت کی اور اسے مرحلہ وار آگے بڑھایا، اب بھی پوری جماعت اسلامی سراج الحق کی امارت میں سیکولرازم ، لبرل ازم ، مغربی سرمایہ دارانہ ،مفادپرست نظام کے خاتمے اور بابرکت اسلامی نظام کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے ۔ہمیں یقین ہے کہ قیام پاکستان کے مقاصد ، دوقومی نظریہ اور اسلامی نظام ہی غالب آئے گا ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے ۔ بھارت عالمی بے حس قوتوں کی مدد سے مظلوم کشمیریوں پر مظالم کی انتہا کر رہاہے ۔ بدقسمتی سے پاکستان خود بھی مسلسل بحرانوں میں رہاہے اور حکمرانوںو پالیسی سازوں نے مسئلہ کشمیر کے حل کو ترجیح نہ بنایا ۔ مشرقی پاکستان میں غفلت ہوئی اب کشمیر پر بھی سفارتی محاذ پر کشمیر کا مقدمہ مضبوط بنیادوں پر نہ لڑنے کی وجہ سے یہ دن دیکھنا پڑ رہاہے ۔ مسئلہ کشمیر تنہابھارت کے نریندر مودی ختم نہیں کر سکتے یہ 2 ممالک کے درمیان متنازع ایشو اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی کشمیریوں سے غیر متزلزل یکجہتی کے لیے عوامی مارچ کر رہی ہے ۔ پشاور مارچ کامیاب رہا ۔ یکم ستمبر کو کراچی کشمیر مارچ تاریخی ہوگا ۔ عوامی بیداری اور عزم حکومت کو دوٹوک کشمیر پالیسی اور سفارتی محاذ پر متحرک ہونے کے لیے مجبور کر دے گا ۔