حق خود ارادیت کشمیریوں کاپیدائشی حق ہے،ہندو ارکان اسمبلی

169

اسلام آباد (صباح نیوز)ہندودلت کمیونٹی سے وابستہ ارکان ا سمبلی نے حق خود ارادیت کو کشمیریوں کاپیدائشی حق قراردیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے، مودی مسلمانوں اور دلتوں کے بعد اب کشمیریوں کی مرحلہ وار نسل کشی کر رہا ہے، مسئلہ کشمیر پر پی پی پی چیئرمین بلاول زرداری کے بیانیے کے حامی ہیں۔مشترکہ بیان میں سینیٹر گیان چندا ور راکان اسمبلی ڈاکٹر کھٹو مل جیون اور سریندر ولاسائی نے کہا ہے کہ کشمیری بھائیوں کو ان کی جدوجہد میں بھرپور ساتھ دینے کا یقین دلاتے ہیں۔ مودی نے مقبوضہ کشمیر کی آبادی کو گزشتہ 3 ہفتوں سے باندی بنایا لیا ہے۔عالمی برداری بشمول بھارتی حزبِ اختلاف کو بھی مقبوضہ وادی تک رسائی نہیں دی جا رہی۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں اور اقوامِ متحدہ کے ابزرور مقبوضہ کشمیر جاکر نسل کشی کی خفیہ مہم کو روکیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ کشمیر کاز پیپلز پارٹی کے بنیادی مقصد ہے، ہندو دلت اور سکھ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے لوگ دنیا بھر میں ہونے والے کشمیریوں کے احتجاج میں شرکت کریں۔