بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا، مشعال ملک

169

اسلام آباد (اے پی پی) مقبوضہ جموں و کشمیر کے حریت رہنما یسٰین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارت پورے کشمیر کو قبرستان بنانا چاہتا ہے،اس کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکاہے، اقوام متحدہ کشمیر کی صورتحال پر اپنا کردار ادا کرے، قائد اعظم نے جس طرح پاکستان کی تحریک شروع کی تھی اسی طرح کی تحریک کشمیریوں کیلئے چلانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب کے زیر اہتمام منعقدہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور صحافیوں پر  جبری پابندیوں کیخلاف منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے،یٰسین ملک کو تہاڑ جیل کہ ڈیتھ سیل میں قید کیا گیا ہے،انھیں قید تنہائی میں رکھ کر اذیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے اقدامات سے کشمیری عوام بہت مشکل میں ہیں، 20 دن سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے،کشمیر کے لوگوں کی زندگیاں شدید خطرات کا شکار ہیں۔ مشعال ملک نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیر کی صورتحال پر اپنا کردار ادا کرے، بھارت پورے کشمیر کو قبرستان بنانا چاہتا ہے،آر ایس ایس اور شیوسینا کے غنڈوں کو کشمیر بھیجا جارہا ہے، بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکاہے۔