رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور سے جیل میں اہلخانہ و وکلا کی ملاقات

156

راولپنڈی (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ و رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور سے ہفتے کے روز پہلی بار اہلخانہ و وکلا کی ملاقات، رکن قومی اسمبلی میر منور تالپور نے اپنی اہلیہ اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ سابق صوبائی وزیر ضیاالحسن لنجار سمیت غلام مصطفیٰ لغاری اور خان بہادر بھٹی پر مشتمل وکلا کی ٹیم نے فریال تالپور سے جیل میں ملاقات کی۔ ضیاالحسن لنجار نے کہا کہ بی کلاس کے نوٹیفکیشن کے باوجود جیل انتظامیہ کی جانب سے تاحال فریال تالپور کو سہولیات میسر نہیں کی گئیں جبکہ پروڈکشن آرڈر جاری کیے جانے کے باوجود فریال تالپور کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں نہیں لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فریال تالپور کی اجلاس میں شرکت کے متعلق سندھ اسمبلی نے قرارداد بھی منظور کی ہے لیکن اڈیالہ جیل انتظامیہ نہیں مانی۔ ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ پنجاب کی جیل انتظامیہ سندھ کے عوام کی منتخب رکن اسمبلی کی توہین کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیر کے روز اعلیٰ عدالت میں پٹیشن دائر کی جائیگی۔ یاد رہے کہ آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو پارک لین اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میںنامزد ہونے کے باعث جیل میں رکھا گیا ہے جبکہ فریال تالپور کی جیل منتقلی کے بعد ان کے اہل خانہ اور وکلا کو ہفتے کے روز پہلی مرتبہ ملاقات کی اجازت دی گئی اسی طرح جعلی اکائونٹس کیس میں گرفتار سابق صدر آصف علی زرداری کو احتساب عدالت اسلام آباد کے حکم پر16اگست کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوایاگیا تھا جن سے ملاقات کے لیے پیر کا دن مقرر کیا گیا ہے ذرائع کے مطابق آصف زرداری اور فریال تالپور کی جیل منتقلی کے بعد سیکورٹی انتہائی سخت کی گئی ہے اور 3 شفٹوں میں سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں ۔