بھات مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کر کے آگ سے کھیل رہا ہے ،صدر پاکستان

325

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں خطے کی حیثیت تبدیل کر کے اور لوگوں کی خواہش کو دبا کر آگ سے کھیل رہا ہے اور یہ آگ خود بھارت کی سلامتی کو جلا کر رکھ دے گی، اگر بھارت یہ سمجھتا ہے کہ ایسے قوانین سے صورتحال بہترہو گی تووہ احمقوں کی جنت میں رہ رہا ہے، عالمی برادری کو بھارت کو پورا کشمیر ہضم کرنے کے ارادے سے روکنے کے لیے اس پر دبائو برقرار رکھنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک کینیڈین، امریکن میڈیا کے ادارے وائس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے ایک طویل عرصے بعد کشمیر کے مسئلے کو عالمی سطح پر اٹھایا ہے اور اس سلسلے کو آگے بھی جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شملہ معاہدے کے بعد سے پاکستان اوربھارت کے درمیان دوطرفہ مسائل پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ بھارتی وزیراعظم جواہر لال نہرو نے اپنی متعدد تقاریر میں کہا تھا کہ کشمیر کے مسئلے کا فیصلہ وہاں کے عوام کی خواہش کے مطابق ہونا چاہیے لیکن بھارتی حکومت کشمیر کی ساری آبادی کو کنٹرول کرنا چاہتی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ شملہ معاہدے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ کے علاوہ کثیر الجہتی اداروں کی شمولیت کے ذریعے تصفیہ طلب مسائل بھی بیان کر دیے گئے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں صدر مملکت نے کہا کہ بھارت نہ صرف پاکستان کے ساتھ مذاکرات سے انکار کرتا رہا ہے بلکہ وہ کشمیر کو ایک تنازع بھی تسلیم نہیں کر رہا تھا۔ مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر کی موجودگی نے اسے بذات خود ایک بین الاقوامی مسئلہ بنایا ہے۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کی جانے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے جعلی فلیگ آپریشن اور پاکستان پر حملہ کر سکتا ہے جس طرح پلوامہ واقعے کے معاملے میں ہوا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں صدر مملکت نے کہا کہ بھارت کو آئینی ترمیم واپس لے کر کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کی اجازت دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جس راستے پر چل رہا ہے وہ انتہائی خطرناک ہے۔ ایک آئینی ترمیم کے بعد بھارت نے اپنے ہاں ہجرت کر کے آنے والے تمام غیر مسلموں کو شہریت دینے کا فیصلہ کیا ہے لیکن مسلمانوں کو شہریت نہیں دے گا، اس طرح بھارت خود اپنی مسلمان آبادی کو اکسا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انتہا پسندی اور دہشت گردی سے چھٹکارا پانے میں کامیاب ہوا ہے، ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ بھارت آگ سے کھیل رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان نہ جنگ چاہتا ہے اور نہ اس میں پہل کرے گا لیکن اگر بھارت نے جنگ مسلط کی تو پاکستان بھی اپنے دفاع کے حق کو استعمال کرے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں صدر مملکت نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں نے یہ واضح کر دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں، میں سمجھتا ہوں کہ بھارت دنیا کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
عارف علوی