کشمیر کا مقدمہ بھٹو کے فلسفے کے مطابق لڑیں گے‘بلاول

612
گلگت: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول زرداری جلسہ سے خطا ب کررہے ہیں
گلگت: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول زرداری جلسہ سے خطا ب کررہے ہیں

اسلام آباد/استور (آئی این پی ) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر کا مقدمہ بھٹو شہید کے فلسفے کے مطابق لڑیں گے،انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام سے کہا کہ ہم سب نے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مل کر لڑنا ہے ،کشمیر پر حملہ اصل میں مسلم امہ اور اقوام متحدہ پر حملہ ہے ، کٹھ پتلی وزیراعظم میںکشمیر کا مقدمہ لڑنے کی اہلیت نہیں ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے استور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ کٹھ پتلی کشمیر کا مقدمہ لڑنے کے بجائے سیاسی مخالفین کو جیلوں میں بند کر رہا ہے ، میں کسی کٹھ پتلی سے ڈرنے والا نہیں ، عوام کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کریں گے، لوگوں کو نوکریاں دینے کا وعدہ کرنے والا نوکریاں چھین رہا ہے ، گھر دینے کا وعدہ کرنے والا عوام سے چھتیں چھین رہا ہے۔ ہر چیز پر ٹیکس لگا کر غریب عوام کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے، ہمیں سلیکٹڈ نہیں منتخب وزیراعظم چاہیے جو وعدے پورے کرے۔ ہم سب نے مل کر کٹھ پتلی وزیراعظم کو نکالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا جلسہ اسکردو میں ہو رہا ہے نااہل وزیراعظم بولے یا نہ بولے مگر میں اسکردو کے جلسے میں کشمیر کے حوالے سے واضح پیغام دوں گا۔