مسئلہ کشمیر پرترکی اور چین کی حمایت حوصلہ افزا ہے، شہبا زشریف

190

اسلام آباد (اے پی پی) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت اور تائید پر چین کے صدر شی جن پنگ اور ترک صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر پر آپ کی حمایت حوصلہ افزا اورپاکستان سے دیرینہ دوستی کی مظہر ہے۔ مسلم لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ اور ترک صدر رجب طیب اردوان کو اظہار تشکر کے خطوط ارسال کیے ہیں۔ چینی صدر کے نام اپنے خط میں انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر آپ کی حمایت پر پاکستان کے عوام اور اپنی جماعت کی جانب سے شکریہ ادا کرتا ہوں،چین نے ثابت کیا کہ وہ پاکستان کا قابل اعتماد دوست ہے، چین کے صدر نے بجا طور پر پاک چین دوستی کو آئرن برادرز کا نام دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میںاور میری جماعت سی پیک منصوبے کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھے گی ۔ترک صدر رجب طیب اردوان کے نام خط میں انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر آپ کی حمایت پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات اور پرخلوص دوستی کا ثبوت ہے، دونوں ممالک برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔شہباز شریف نے چین اور ترکی کے صدور کی قیادت میں دونوں ممالک کی خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
شہباز شریف