جماعت اسلامی نے دیر کے حقوق کیلیے تحریک کا آغاز کر دیا

295

پشاور (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی بالا کے زیراہتمام چکیاتن گریڈ اسٹیشن پر کام شروع نہ کرنے اور چکیاتن میں الگ ٹرانسفارمرتنصیب نہ کرنے کے خلاف احتجاجی ریلی اور مظاہر ہ ہوا جس کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی و ممبر صوبائی اسمبلی عنایت اللہ خان ، ضلعی ناظم دیر بالا صاحبزادہ فصیح اللہ ، امیر جماعت اسلامی دیر بالا حنیف اللہ ایڈووکیٹ ، تحصیل ناظم میر مخزن الدین اور دیگر قائدین کر رہے تھے ۔ مظاہرین سے خطا ب کرتے ہوئے سابق سینئر وزیر و نائب امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا عنایت اللہ خان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے دیر کے حقوق کے حصول کے لیے تحریک کا آغاز چکیاتن سے کر دیا ہے اور دیر کے حقوق کے حصول تک چھین سے نہیں بھیٹںگے ۔ انہوںنے کہا کہ چیف پیسکو نے ہمارے ساتھ تحریری معاہدہ کیاتھا کہ چکیاتن گرڈ اسٹیشن کی آپ گریڈیشن کریںگے اور لوڈشیڈنگ کاخاتمہ کریں گے لیکن وہ اپنے معاہدے اور وعدوںسے مکر گیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ واپڈا حکام نے ہمیں بتایا تھا کہ جن علاقوں میں80 فی صد تک بلز جمع کرائیں جاتے ہیں وہاں پر زیر و لوڈشیڈنگ ہوتی ہے جب کہ دیر بالا میں بلز کی ادائیگی سو فی صد اور کنڈا کلچر نہیں ہے پھر ہمارے ساتھ امتیازی سلو ک کیوں کیا جارہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ آج ہم دیر میں ٹوکن احتجاج کررہے ہیں لیکن ہمارے سے کیے گئے معاہدے کو پورا نہ کیاگیا تو احتجاجی تحریک کا آغاز کر کے دیر کے مین روڈ کو ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند کریںگے ۔انہوںنے کہاکہ اگلے مرحلے میں دیر میں تمام سیاسی جماعتوں کا آل پارٹیز کانفرنس کاانعقاد کریںگے اور مشترکہ طور پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے ۔ عنایت اللہ خان نے مزید کہا کہ اس کے بعد چیف پیسکو کے دفتر کا محاصرہ کریں گے اور غیر معینہ مدت کے لیے چیف پیسکو کے دفتر کے سامنے دھرنا دیں گے ۔