بھارتی ایٹمی ہتھیار غیر محفوظ ہیں ،دنیا نوٹس لے،عمران خان

252

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت پر فاشسٹ ہندوؤں نے جرمن نازیوں کی طرح قبضہ کر لیا ہے، بھارتی ایٹمی ہتھیار فاشسٹ حکومت کے ہاتھوں غیرمحفوظ ہیں، دنیا سنجیدگی سے نوٹس لے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں محصور 90 لاکھ کشمیریوں کی زندگی خطرے میں ہے، اس صورتحال پر دنیا میں خطرے کی گھنٹیاں بجنی چاہئیں، اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں اپنے مبصرین بھیجے۔ عمران خان نے کہا کہ 40 لاکھ بھارتی مسلمانوں کو حراست اور شہریت منسوخی کا سامنا ہے، آر ایس ایس کے غنڈے پورے بھارت میں تباہی مچاتے پھر رہے ہیں، جن بوتل سے باہر آ چکا، یہ خطرہ پاکستان اور بھارتی اقلیتوں تک وسیع ہورہا ہے ،یہ ایسا معاملہ ہے جو صرف خطے کو نہیں پوری دنیا کو متاثر کر رہا ہے۔عمران خان نے کہا کہ ہندو بالادستی کے ایجنڈے پر چلنے والی مودی حکومت، نہ صرف پاکستان بلکہ نہرو اور گاندھی کے بھارت کے ہر طبقہ فکر خصوصا اقلیتوں کے لیے خطرہ ہے،نازی نظریے اور مودی کی بی جے پی اور آر ایس ایس کے نسل کشی پر مبنی ایجنڈے کے مابین تعلق جاننے کے لیے گوگل سے مواد لیا جا سکتا ہے۔