اقوام متحدہ کشمیر میں ناکام ہوئی تو افادیت کھو دے گی، امیر العظیم

209

لاہور(نمائندہ جسارت) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم نے کہا ہے کہ ا گر اقوام متحدہ اب بھی اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہی تو اپنی اہمیت اور افادیت کھو بیٹھے گی۔ کشمیری کسی صورت بھارت کے سامنے ہتھیارنہیں ڈالیں گے، پاکستان سمیت کوئی بھی ساتھ نہ دے تب بھی کشمیری مقابلہ کریں گے،کرفیوختم ہوتے ہی مقبوضہ کشمیر میں ایک نئی جدوجہد کا آغازہوگا، آج اہل قلم وسوشل میڈیا ایکٹویسٹ کو کشمیر کی آزادی کے لیے اپنے ہتھیاروں سے جہاد کرناچاہیے۔ گوجرخان میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ پاکستانی عوام حکومت پرپریشرڈالیں کہ وہ مظلوم کشمیریوں کی عملی مدد کرے،اقوام متحدہ کے چارٹرکے مطابق دنیا کا ہرامن پسند مظلوم کشمیری عوام کی مددکرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ روس نے افغانستان پر حملہ کیا توپوری دنیانے افغانوں کی مددکی تھی، روس کے خلاف افغانستان کی مددکرنے والے کسی فردکودہشت گرد نہیں کہا گیا۔کشمیری آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اس لیے انصاف پسند عالمی برادری کوکشمیریوں کی مدد کے لیے متحد ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ اب بھی اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہی تو اپنی اہمیت اور افادیت کھو بیٹھے گی۔تقریب سے امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے بھی خطاب کیا۔