قوم کشمیر کے معاملے پر بیدار اور ہوشیارہے‘ راشد نسیم

364

لاہور( نمائندہ جسارت )نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہاہے کہ کشمیر کے معاملہ پر قوم کو پوری طرح بیدار اور ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے ۔کشمیر کے حوالے سے عالمی اسٹیبلشمنٹ ہمارے حکمرانوں کو اور حکمران قوم کو گمراہ کر رہے ہیں ۔ اقوام متحدہ ہمارے حکمرانوں کو طفل تسلیوں سے بہلا رہی ہے اور عملاً کچھ کرنے کی بجائے محض وعدوں پر ٹرخایا جا رہاہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے نواب شاہ میں عید ملن پارٹی اور یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ راشد نسیم نے کراچی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے اور کچرا کنڈی بنانے والی وفاقی ، صوبائی اور شہری حکومتیں ناکام ہوگئی ہیں ۔ کراچی میں غلاظت کے ڈھیر نہیں ، پہاڑ بنے ہوئے ہیں ۔ کراچی کی سڑکیں ٹوٹی ہوئی اور گٹر ابل رہے ہیں ۔ سیوریج کا گند سڑکوں پر پھیلا ہواہے ۔ عید کے بعد آلائشوں سے اٹھنے والے تعفن نے شہریوں کا گھروں سے نکلنا محال بنادیاہے اور لوگ بیمار پڑ رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی ، پی پی اور ایم کیو ایم میں یہ اہلیت نہیں کہ وہ کراچی کے حالات بدل سکیں ۔ راشد نسیم نے کہاکہ اگر وفاقی اور صوبائی حکومتیں واقعی کراچی کو صاف ستھرا شہر دیکھنا چاہتی ہیں تو چھ ماہ کے لیے کراچی کا نظام جماعت اسلامی کے حوالے کر دیا جائے ۔ صرف جماعت اسلامی میں یہ اہلیت ہے کہ وہ کراچی کو صاف ستھرا روشنیوں کا شہر بناسکتی ہے ۔