اسرائیلی فائرنگ سے فلسطینی شہید‘ کریک ڈاؤن میں کئی گرفتار

315
مقبوضہ بیت المقدس: فلسطینی شہری اسرائیلی حکومت کی جانب سے یہودی توسیع پسندی کے منصوبوں کے خلاف مظاہرہ کررہے ہیں
مقبوضہ بیت المقدس: فلسطینی شہری اسرائیلی حکومت کی جانب سے یہودی توسیع پسندی کے منصوبوں کے خلاف مظاہرہ کررہے ہیں

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی پولیس نے ایک فلسطینی نوجوان پر فائرنگ کرکے اسے شہید اور دوسرے کو زخمی کردیا، جسے بعد ازاں اسپتال منتقل کیا گیا۔ مقامی اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق قابض فوج نے حسب روایت پولیس اہلکاروں پرچاقو سے حملے کی منصوبہ بندی کا بھونڈا الزام عائد کیا ہے۔ دوسری جانب قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں گھر گھر تلاشی کی تازہ مہم کے دوران کئی فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بیت المقدس کی مختلف کالونیوں میں اسرائیلی فوج اور پولیس نے تلاشی کی کارروائیوں کے دوران گھروں پر دھاوے بولے اور توڑ پھوڑ کی۔ عینی شاہدین کے مطابق صہیونی اہل کاروں نے گرفتار کیے گئے افراد کے اہل خانہ پر تشدد کیا اور قیمتی سامان کی لوٹ مار بھی کی۔ کریک ڈاؤن کے دوران اسرائیلی پولیس نے راستوں پر جگہ جگہ گاڑیاں کھڑی کرکے سڑک بند کردی اور مسافروں پر بندوقیں تان کر انہیں خوفزدہ کیا۔ دریں اثنا قابض اسرائیلی بحریہ نے جمعہ کی صبح غزہ کی پٹی کے ساحلی علاقے میں فلسطینی ماہی گیروں پر فائرنگ شروع کر دی۔مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی کشتیووں نے غزہ کی شمالی ساحلی پٹی پر فلسطینی ماہی گیروں کی کشتیوں پر فائرنگ کی اور انہیں کنارے پر واپس جانے پر مجبور کر دیا۔ علاوہ ازیں مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی صہیونی بستی غوش عتصمون میں گاڑی کی ٹکر سے 2 صہیونی آبادکار زخمی ہوگئے۔