کے ایم ڈی سی کے تمام ملازمین 3 ماہ سے تنخواہوں سے محروم

185

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) بلدیہ کراچی کے واحد کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ( کے ایم ڈی سی ) کے پروفیسرز سمیت تمام اسٹاف کو ماہ جولائی کی تنخواہیں بھی نہیں مل سکی جس کی وجہ سے ان میں تشویش پائی جاتی ہے۔یاد رہے کہ کے ایم ڈی سی کے پروفیسرز، ایسوسی پروفیسرز اور نان ٹیچنگ اسٹاف سمیت کسی کو بھی گزشتہ 3 ماہ سے تنخواہیں نہیں مل سکی۔ تنخواہوں کی عدم دائیگی کی وجہ کے ایم سی کا مالی بحران بتایا گیا ہے۔ یادرہے 2ماہ قبل بھی صرف ایک ماہ کی رکی ہوئی تنخواہ عملے کی طرف سے سخت احتجاج کے بعد ملی تھی۔ وہ ماہ مئی کی تنخواہ تھی۔ ذرائع کے مطابق کے ایم ڈی سی کے مجموعی عملے کی تنخواہیں 5 کروڑ 65 لاکھ ماہانہ ہے۔ ان تنخواہوں کی ادائیگی کے ایم سی کی جانب سے ماہانہ 3کروڑ روپے ادا کرنے کے نتیجے میں ملا کرتی ہیں اس مد میں باقی ڈھائی کروڑ روپے کے اخراجات کالج خود برداشت کرتا ہے۔ تاہم کے ایم سی چونکہ خود مالی بحران کا شکار ہے اس وجہ سے کے ایم ڈی سی کو گرانٹ بھی نہیں دے سکی۔ جس کی وجہ سے کالج کے عملے کو تنخواہوں کی ادائیگی تاحال ممکن نہ ہوسکی۔ تنخواہیں نہیں ملنے کی وجہ سے کالج کے ٹیچنگ اور دیگر اسٹاف میں تشویش پائی جاتی ہے۔