دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کو پاکستان سے جدا نہیں کرسکتی،عثمان بزدار

250
لاہور: گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب یوم آزادی کے موقع پر حضوری باغ میں مزار اقبال پر حاضری دے رہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے حضوری باغ میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کے بعدمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کے یوم آزادی پر پوری قوم کومبارک باد پیش کرتا ہوں، یوم آزادی دراصل یوم تشکر بھی ہے اور یوم تجدید عہد بھی، اللہ کا شکر بجا لاتے ہیں جس نے ہمیں پاکستان جیسی بے مثال نعمت سے نوازا اور پاکستان میں رب ذوالجلال کی عطا کردہ ہر نعمت فراوانی سے موجود ہے۔انہوںنے کہا کہ یہ یوم آزادی اس لحاظ سے بے حد اہمیت کا حامل ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم و استبداد انتہا کو پہنچ چکے ہیںاور جموں و کشمیر کی الگ حیثیت ختم کرکے مودی سرکار اپنی ہٹ دھرمی کا انمٹ ثبوت دے چکی ہے،ہم آج یوم آزادی کو اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی لازوال تحریک سے منسوب کرتے ہیں ،کشمیر پاکستان کے بغیر اور پاکستان کشمیر کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتااورمیں اس موقع پر قائداعظمؒ کے یہ الفاظ کو دہراتا ہوں کہ ’’کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے‘‘،دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کو پاکستان سے جدا نہیں کرسکتی،مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے تحریک پاکستان کے جذبے کی ضرورت ہے، 1947ء کے بعد قوم آج پھر اسی آزمائش سے گزر رہی ہے، ہمیں آج پھر اپنے ذاتی اختلافات کو بھلا کر ایک ہونا ہوگا۔