مراد علی شاہ کے سندھ بھر کے دورے امدادی کاموں کا جائزہ،افسران کی ستائش

234
بدین: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں
بدین: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

کراچی،حیدرآباد،سجاول،بدین(اسٹاف رپورٹر +نمائندگان جسارت) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی سمیت سندھ بھر کے دورے کیے، امدادی کاموں کا جائزہ لیا اورافسران کی ستائش کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں حالیہ جاری شدید بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی سندھ کے ساتھ صوبائی وزراء سعید غنی، ناصر شاہ ، مرتضیٰ وہاب اور کمشنر کراچی افتخار شہلوانی بھی تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے شہر میں برسات کے پانی کی نکاسی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے شارع فیصل پر لال کوٹھی،کار ساز، نیشنل اسٹیڈیم روڈ، حسن اسکوائر، صفوراچورنگی ، راشد منہاس روڈ ، اسٹار گیٹ ، قائد آباد، ملیر ندی،کلفٹن،کورنگی کاز وے اور بعد ازاں ٹھٹھہ ، سجاول، بدین، ٹنڈومحمد خان اور حیدرآباد کا دورہ کیا اور بارش کے پانی کی نکاسی کے کام اور بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔ مراد علی شاہ نے بلدیاتی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو کمشنر کے ذریعے ہدایت دی کہ شہر میں آلائشوں کو اٹھانے اور صفائی کو یقینی بنایا جائے اورجہاں بھی صفائی کی جائے وہاں چونا اور اینٹی بیکٹریا کیمیکل ڈالا جائے اورجہاں پر ابھی بھی کچھ پانی کھڑا ہے وہاں نکاسی کا کام جاری رکھا جائے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو مزید ہدایت کی کہ مچھر مار اسپرے بھی کیا جائے تاکہ ڈینگی، ملیریا اور دیگر بیماریاں کو روکا جاسکے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انتظامیہ، بلدیاتی ادارے، واٹر بورڈ نے حالیہ شدید بارشوں کے دوران مل کر کافی محنت کی ہے اورہم سب کی محنت ہمارے شہر کو بہترین اور مثالی شہر بنائے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ لوکل باڈیز، واٹر بورڈ، کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کے عملے کا شدید بارش میں کام کرنا قابل تعریف ہے اور میں مطمئن ہوں کہ ہمارے متعلقہ سرکاری ملازمین عوام کی تکالیف کم کرنے کے لیے جدو جہد کر رہے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے کہا کہ وہ لوکل باڈیز اور واٹر بورڈ اور ضلع انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں۔وزیراعلیٰ سندھ نے عوام کی سہولت کے لیے دن رات کام کرنے پرکے ایم سی، ڈی ایم سیز اور واٹر بورڈ کی کارکردگی کو سراہا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بدین سرکٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کافی حد تک ہم حالات پر قابو پاچکے ہیں نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حیدرآباد میں ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد سندھ کا دل ہے اور دل صاف وصحت مند ہونا چاہیے یقینا برسات میں لوگوں کو مشکلات تو ہوئی ہونگی لیکن وعدہ کرتا ہوں کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت سندھ عوام کے ساتھ فیلڈ میں نظر آئے گی عید کے بعد تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر حیدرآباد کے حوالے سے ایک پلان تشکیل دیں گے‘پانی کی نکاسی ہرطور پر ممکن بنائیں گے‘ ٹھٹھہ،سجاول سمیت دیگر علاقوں میں پانی میں پھنسے ہوئے لوگوں کے لیے خوراک کا انتظام کیاہے ۔