اسلام آباد میں پاکستان مخالف بینرز لگنے پر انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں

234

اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی دار الحکومت میں نا معلوم افراد نے پاکستان مخالف بینرز لگا دیے، شہر کی انتظامیہ سوتی رہی، ملزمان کا پتا نہ چل سکا۔ منگل کو نجی ٹی وی کے مطابق جہاں ایک طرف مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر پورا پاکستان سراپا احتجاج ہے، سڑکوں، پارلیمنٹ سے لے کر کور کمانڈرز کانفرنس تک میں کشمیر کا مسئلہ زیر بحث ہے، وہاں مرکزی شہر میں کسی نے ملک مخالف بینرز لگا دیے۔میڈیا نے خبر چلائی، جس کے بعد انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں۔اسلام آباد کی شاہراہوں پر لگنے والے بینرز پر پاکستان مخالف مواد تحریر تھا، بینرز کب لگے، کس نے لگائے، وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ لا علم ہے۔ چیف کمشنر نے پولیس کو مقدمہ درج کرنے کا بھی حکم دے دیا۔