مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی‘ 3نوجوان شہید

202

سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میںمزید 3 نوجوان شہید ہوگئے‘ ضلع بانڈی پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران تینوں کوشہید کیا گیا۔ بارہمولہ اور پلوامہ سے ایک ایک لاش ملی۔ تفصیلات
کے مطابق بدھ کو ضلع بارہمولہ کے علاقے کریری سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی جس کیشناخت غلام حسن میر کے نام سے ہوئی ۔ دریں اثنا ضلع پلوامہ کے علاقے قلم پور سے بھی ایک 35 سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی اس کی شناخت عبدالغنی وگے کے نام سے ہوئی۔ بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع بانڈی پورہ میں مزید3 کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع بانڈی پورہ کے علاقے گریز میں ایک پرتشدد آپریشن کے دوران شہید کیا۔ تحریک حریت جموں و کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے بدھ کو سری نگر سے جاری ایک بیان میں پارٹی رہنما سید امتیاز حیدر پر دوسری مرتبہ کالا قانون ’پبلک سیفٹی ایکٹ‘ لاگو کرنے اور ان کو امپھالہ جیل منتقل کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ علما کرام، ائمہ مساجد اور خطیبوں پر مشتمل فورم متحدہ مجلس علما نے سری نگر میں ایک اجلاس کے بعد جاری بیان میں قابض انتظامیہ کی طرف سے مساجد کی فہرست اور ان کی انتظامی کمیٹیوں کی تفصیلات طلب کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ حریت رہنما مشتاق الاسلام اور جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سری نگر سے جاری اپنے بیان میں اقوام متحدہ اور امریکا پر زور دیا کہ کہ وہ تنازع کشمیر کو اس کے تاریخی پس منظر میں حل کرانے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے۔ دریں اثنا بھارتی فوج نے ضلع راجوری کے علاقے نوشہرہ میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائی کی۔ نامعلوم افراد نے ترال کے علاقے شریف آباد میں بھارتی پولیس کی ایک پارٹی پر دستی بم پھینکا۔ انجمن شرعی شیعان نے 8اور 10محرم کے جلوسوں پر پابندی کے خلاف تنظیم کے صدر اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی قیادت میںگزشتہ روز لال چوک سری نگر میں احتجاجی دھرنا دیا۔ جموں بار ایسوسی ایشن سے وابستہ معروف وکلا نے جموں میں منعقدہ ایک اجلاس میں عوام سے اپیل کی کہ وہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کے تحفظ کے لیے متحد رہیں۔ وکلا نے دفعات 370 اور35-A کی حفاظت کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ اجلاس کی صدارت سابق سینئر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سبھاش چندر گپتا نے کی۔
مقبوضہ کشمیر