ماڑی پور بلوچ عبدالغنی فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں داخل

229

کراچی (اسٹاف رپورٹر)حیدری بلوچ فٹبال کلب کے زیر اہتمام واجہ شہہ عبدالغنی بلوچ شہید فٹبال ٹورنامنٹ کا دوسرا شاندار سیمی فائنل میچ ماڑیپور بلوچ اور چنیسر بلیو کے مابین کھیلا گیا۔اس شاندار سیمی فائنل کے موقع پر اسٹیڈیم شائقین فٹبال سے بھرا ہوا تھا۔ میچ کے آغاز سے ہی ماڑیپور بلوچ کی ٹیم نے مخالف ٹیم پر دبائو برقرار رکھا جو میچ کے آخری وسل تک جاری رہا گو کہ دوران میچ چنیسر بلیو کی طرف سے بھی کچھ اچھے موومنٹس دیکھنے کو ملے لیکن ماڑیپور بلوچ کی ٹیم نے گول اسکور کرنے کی کوشش میں جارحانہ فٹبال کھیلی اور اس جارحانہ کھیل کی بدولت میچ کے 43 ویں منٹ میں ماڑیپور بلوچ کے اسٹرائیکر شاکر نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلادی۔اسی اسکور پر میچ کا پہلا ہاف اختتام کو پہنچا۔اس میچ کے مہمان خصوصی ایم پی اے سندھ سید عبدالرشید تھے جن کا دوسرے ہاف سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔ اس موقع پر حیدری بلوچ کے چئیرمین حسین بخش بلوچ نے مہمان خصوصی کو واجہ شہہ عبدالغنی بلوچ یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔ دوسرے ہاف میں بھی ماڑیپور بلوچ کی ٹیم نے اپنے اٹیکنگ کھیل کو جاری رکھتے ہوئے شاندار موومنٹس بنائے اور میچ کے 60 ویں منٹ میں ماریپور بلوچ کے عابد نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی برتری دہری کردی اور اس کے چند ہی لمحوں بعد شاکر نے ایک اور گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو 3 گول کی برتری دلادی اور میچ کے 72 ویں منٹ میں ایک خوبصورت موومنٹ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے چنیسر بلیو کی طرف سے دانیال نے اپنی ٹیم کاواحد گول اسکور کیا۔دوسری جانب ماڑیپور بلوچ کا جارحانہ کھیل دیدنی تھا اور میچ کے اخری لمحات میں ماڑیپور بلوچ کے نسیم جان نے اپنی ٹیم کی طرف سے چوتھا گول اسکور کردیا اور اسی اسکور پر یہ میچ اپنے اختتام کو پہنچا۔اس طرح ماڑیپور بلوچ کی ٹیم نے یہ شاندار سیمی فائنل میچ ایک کے مقابلے میں 4 گول سے جیت کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔اس میچ کو ریفری شاہنواز شانی نے سپروائز کیا جبکہ ڈپٹی ریفری کے فرائض عبدالباقی اور حیدر علی نے انجام دیے۔ میچ ریفری استاد عبداللطیف تھے اور میچ کمشنر میں مولا بخش، جمیل احمد اور استاد پیر محمد پیرل شامل تھے۔ اس ٹورنامنٹ کا شاندار فائنل میچ بروز اتوار 28 جولائی کو ماڑیپور گرین اور ماڑیپور بلوچ کے مابین ٹھیک 3 بجے کھیلا جائے گا۔