بھارت میں آسمانی بجلی گرنے سے مزید 39 افراد جاں بحق

245

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی ریاست بہار میں آسمانی بجلی کی زد میں آ کر مزید 39 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ ہلاکتیں منگل اور بدھ کو ہوئیں۔ مون سون کے موسم میں ہونے والی بارش کے نتیجے میں آنے والے سیلابی ریلوں کی تباہ کاریوں کے باعث مشرقی بھارتی ریاست میں اب تک 105 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ گزشتہ ہفتے ہمسایہ ریاست اتر پردیش میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے 41 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہارمیں کھیتوں، پہاڑوں اور میدانی علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کے 8 سے زائد واقعات پیش آئے جن میں مجموعی طور پر 39 افراد جان سے گئے۔ 24 گھنٹوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے واقعات ضلع جموئی، اورنگ آباد، بانکا، بغلپور، نالنڈا، ساسارام، منگر، اروال اور کاٹیہار میں پیش آئے، جس کے بعد ریاست بھر میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے اور ریاستی حکومت کی جانب سے آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو 4 لاکھ فی کس امدادی رقم دینے کا اعلان کیا ہے جب کہ محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے آسمانی بجلی سے محفوظ رہنے کے لیے معلومات پر مبنی پمفلٹ بھی تقسیم کیے ہیں۔ واضح رہے کہ ریاست بہار میں مون سون بارش کے سلسلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ہے، اور اس دوران صرف ایک ہفتے میں 50 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔