جہانگیر ترین کی پیر پگارا سے ملاقات، سندھ کی صورتحال پر گفتگو

154

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے گرینڈ ڈیموکریٹ الائنس کے سربراہ پیر صاحب پگارا سے کنگری ہاؤس میں ملاقات کی ہے، ملاقات میں جی ڈی اے رہنما پیر صدرالدین شاہ راشدی، پیر یاسر سائیں، پی ٹی آئی کے فردوس شمیم نقوی، خرم شیر زمان، اشرف قریشی اور دیگر بھی موجود تھے، ملاقات میں ملک خصوصاً سندھ کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اور وزیراعظم کے امریکا کے دورے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ پیر صاحب پگارا کا کہنا تھا کہ کشمیر کے معاملے کو امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ اٹھانا پاکستان کی جیت ہے وزیراعظم عمران خان کا امریکا کا دورہ انتہائی کامیاب رہا ہے جس پر حکومت مبارکباد کی مستحق ہے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ہمیں سندھ کے حالات پر سخت تشویش ہے ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ سندھ حکومت ناکام ہوچکی ہے، یہ لوگ نہ خود کوئی کام کرتے ہیں نہ کسی کوکرنے دیتے ہیں۔ سندھ میں پانی موجود ہے پر عوام کو نہیں مل رہا۔