ورلڈ کپ فائنل ہار جاتے تو میرے لیے کرکٹ جاری رکھنا مشکل ہوتا، جو ز بٹلر

202

 

لندن (جسارت نیوز) انگلش ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر نے کہا ہے کہ اگر ٹیم ورلڈ کپ فائنل ہار جاتی تو میرے لئے کرکٹ جاری رکھنا مشکل ہوتا، میں سمجھتا ہوں کہ فتح سے مجھے دوبارہ موقع ملا ہے کہ طویل عرصے تک کھیل جاری رکھوں۔ انگلینڈ نے 14 جولائی کو لارڈز میں منعقدہ ورلڈ کپ فائنل میں نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد بائونڈریز کی بنیاد پر شکست دے کر پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز پایا تھا۔ بیان میں بٹلر نے کہا کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ فائنل سے قبل میں 8 فائنلز کھیل چکا تھا، میں جانتا ہوں کہ دوسری ٹیموں کو ٹرافی اٹھاتے ہوئے دیکھ کر بہت تکلیف ہوتی اور یہ بڑا مشکل لمحہ ہوتا ہے اسلئے میں دوبارہ وہ تکلیف اور ندامت محسوس نہیں کرنا چاہتا تھا، میں خوفزدہ تھا کہ اگر ورلڈ کپ فائنل ہار جاتی ہے تو میں دوبارہ کیسے کرکٹ جاری رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے وسط میں بھی سری لنکا اور آسٹریلیا کے ہاتھوں متواتر شکست کے بعد بھی مجھے ٹیم کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا خطرہ محسوس ہو رہا تھا، میں سوچ رہا تھا کہ ہماری ٹیم ٹورنامنٹ کیلئے فیورٹ ٹیموں میں سے ایک تھی، اگر ہم سیمی فائنل میں بھی نہ پہنچ سکے تو یقیناً یہ مایوس کن ہو گا، بلاشبہ ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنے کے بعد مجھے ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ مجھے نئی زندگی ملی ہے اور اب میں مستقبل میں بھرپور کھیل پیش کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے کی کوشش کروں گا۔