کراچی ‘صدر علوی کی زیرصدارت ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس

154

کراچی (اسٹاف ر پورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت گورنرہائوس میں ایس آئی ڈی سی ایل کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل کے علاوہ وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، ایس آئی ڈی سی ایل بورڈ کے چیئرمین ثمر علی خان، این ای ڈی کے وائس چانسلر ڈاکٹر حشمت لودھی، ڈین پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد، گورنر سندھ کے پرنسپل سیکرٹری خاقان مرتضیٰ اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کراچی کے لیے گرین لائن بس سسٹم،کے فور منصوبہ، انفرااسٹرکچر کی بحالی اور فائر فائٹنگ کی اسکیمیں اہمیت کی حامل ہیں۔ گورنرسندھ نے کہا کہ کراچی کی ترقی دراصل پورے پاکستان کی ترقی ہے‘ اس ضمن میں وفاق شہرکی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ اجلاس میں ایس آئی ڈی سی ایل کے سی ای او صالح فاروقی نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گرین لائن بی آر ٹی ایس کا پہلا فیز 21 کلومیٹر طویل ایک بلین روپے کی بچت کے ساتھ مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ دوسرے فیز کا سول ورک جاری ہے جس میں1.1 کلومیٹر کا انڈر پاس،462 میٹر انڈر گرائونڈ بس ٹرمینل، 1.5 کلومیٹر کا مشترکہ کوریڈور گرو مندر سے میونسپل پارک اور ایم اے جناح روڈ شامل ہے۔