آئی بی ٹیسٹ پاس ہیڈماسٹر کو مستقل نہ کرنا ناانصافی ہے، جے آئی یوتھ

189

بدین (نمائندہ جسارت) جے آئی یوتھ صوبہ سندھ کے نائب صدر جلال الدین منصوری نے کہا ہے سندھ بھر میں آئی بی ٹیسٹ پاس ہیڈماسٹر کو مستقل نہ کرنا ناانصافی، حکومت سندھ کنٹریکٹ کی مدت میں اضافہ کرنے کے بجائے انہیں فوری طور پر مستقلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ سندھ بھر میں ہیڈ ماسٹرز نے اپنی تعلیمی سرگرمیاں بہترین طریقے سے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جے آئی یوتھ بدین کے ذمے داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ بھر کے لاکھوں نوجوان ملازمت کے لیے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں، جنہیں ملازمتیں دینے کے بجائے انہیں در در ٹھوکریں کھانے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ بھر میں تعلیم کا بیڑا غرق کیا جارہا ہے، سندھ میں تعلیمی ایمرجنسی کے اعلانات اعلانات ہی رہ گئے، سندھ بھر میں اسکولوں و کالجوں میں فرنیچر کی قلت ہے، بچے چٹائیاں بچھا کر تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ بدین ضلع کے اکثر سرکاری اسکولوں میں بچوں کے لیے بنیادی سہولیات، پانی، واش روم بھی ناپید ہیں۔ اکثر اسکولوں کے بچوں کو اب مکمل درسی کتب بھی فراہم نہیں کی جاسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ بھر مغ ہائر سیکنڈری اسکولوں کو ختم کرنے کے اعلانات بچوں کو تعلیم جیسے زیور سے محروم کرنے کی سازش ہے۔ سندھ بھر ہائر میں سیکنڈری کو دوبارہ بحال کرکے دوبارہ تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں۔