قومی چیف سلیکٹر کیلیے دوڑ شروع ہوگئی

228

کراچی (جسارت رپورٹ)قومی چیف سلیکٹر انضمام الحق کے عہدے سے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد قومی چیف سلیکٹر کے لیے دوڑ شروع ہوگئی ہے۔ پرانے کھلاڑی خود اپنے نام پی سی بی کو پیش کررہے ہیں توکوئی مختلف اخباری تنظیموں اورایجنسیوں کے ذریعے بھی اپنے نام سامنے لانے میں کوشاں ہیں۔اس حوالے سے آئی این پی کی ایک رپورٹ کے مطابق انضمام الحق کی جانب سے چیف سلیکٹر کے عہدے سے استعفی دیے جانے کے بعد چیئرمین سلیکشن کمیٹی کا عہدہ خالی ہو گیا ہے اور اس عہدے کے لیے سابق کوچز معین خان اور محسن خان کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ سلیکشن کمیٹی کے نئے ممبران کے اشتہار دے گا اور درخواست جمع کرانے والے کھلاڑیوں میں سے سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اور اراکین کا انتخاب کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سابق کرکٹر محسن خان یا معین خان کو چیف سلیکٹر نامزد کیا جاسکتا ہے البتہ حتمی فیصلہ کرکٹ کمیٹی کے اجلاس کے بعد ہوگا۔تاہم اس سلسلے میں محسن خان کو ایک مضبوط امیدوار سمجھا جارہاہے ۔ دوسری جانب ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی اپنے معاہدے میں توسیع نہیں کرا سکے اور پی سی بی کی جانب سے نئے کوچ کے عہدے کے لیے اشتہار دیا جائے گا۔پی سی بی زمبابوے سے تعلق رکھنے والے انگلینڈ کے سابق کوچ اینڈی فلاور کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کی کوششیں کررہا ہے جبکہ مکی آرتھر بھی دوبارہ کوچنگ کی ریس میں شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق مختلف فارمیٹ میں الگ الگ کوچز اور کپتان مقرر کرنے کی بھی تجویز ہے جس کے تحت مکی آرتھر بھی شاید کوئی عہدہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں۔ادھر قومی ٹیم کی قیادت میں بھی تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے اور سرفراز احمد کو ون ڈے اور ٹی20 کا کپتان برقرار رکھا جاسکتا ہے جبکہ ٹیسٹ کی قیادت کسی دوسرے کو دیے جانے کا امکان ہے۔قومی ٹیم کے بولنگ کوچ کی ذمے داریاں انجام دینے والے اظہر محمود کے معاہدے میں توسیع نہیں کی جائے گی اور انہیں انڈر19 ٹیم کا کوچ مقرر کیا جا سکتا ہے۔