ایغور مسلمانوں کے خلاف بدترین مظالم پر امریکا کی تنقید

189

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ چین میں ایغور مسلمانوں سے حکومت کی بدسلوکی کے باعث انسانی حقوق کا سنگین بحران پیدا ہوا۔ واشنگٹن میں آزادی مذہب کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین ہمارے عہد کے انسانی حقوق کی بدترین مثال ہے، جو صدی کا بدنما داغ ہے۔ انہوں نے امریکی سفارت کار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بیجنگ حکومت کانفرنس میں شرکت کرنے والے ممالک کو دھمکاتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ان ممالک کو نظر میں رکھے گا جو چینی دباؤ کے نتیجے میں کانفرنس میں شریک نہیں ہوئے، لیکن انہوں ان ممالک کا نام لینے سے معذرت کرلی۔ دوسری جانب چینی حکومت نے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ مذہبی آزادی کے حوالے سے حقوق کی خلاف ورزی نہیں کر رہی۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کونگ نے بیجنگ میں نیوز بریفنگ میں کہا کہ امریکا چین کی مذہبی پالیسیوں اور چین میں آزادی مذہب کی صورت حال سے متعلق اپنا زاویہ نظر درست کرے اور دیگر ممالک کے معاملات میں مداخلت کے لیے مذہب کا استعمال بند کرے۔