اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی تاخیری حربہ غیر آئینی ہوگا،حاصل بزنجو

154

اسلام آباد/ تیمرگرہ (آن لائن) سینیٹ میں اپوزیشن کے چیئرمین سینیٹ کے لیے متفقہ نامزد امیدوار میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی،فوری سینیٹ کا اجلاس بلایا جائے، کوئی تاخیری حربہ آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہوگی۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کو گھر جانا ہوگا، مرکزی حکومت بھی جلد انجام کو پہنچ جائیگی۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو سینیٹ میں اپوزیشن رہنماؤں شیری رحمن اورجاوید عباسی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حاصل بزنجو نے کہا کہ 4 دن بعد کہا گیا کہ اس میں یہ یہ غلطیاں تھیں، ان کی غلطیوں کی تصحیح کی گئی۔ پھر چیئرمین کی طرف سے لیٹر آیا۔ہم نے اس خط کا جواب دیا۔آج صبح ہم نے وہ خط تیار کیا جو ہم پہلے ہی سیکرٹری سینیٹ کو بھیج چکے ہیں۔ ہم اپنا کیس میڈیااور عوام کو بھی بتانا چاہتے ہیں۔ کل ہماری میٹنگ ہوئی میں تمام اپوزیشن رہنما اور 55 سینیٹرز شریک تھے، پیر کو پھر اجلاس ہوگا جس میں ہماری تعداد 60 سے زیادہ ہوگی۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اپوزیشن تحریک عدم اعتماد میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں سینیٹ کا فوری اجلاس بلایا جائے تاکہ اکثریت کا پتا چل سکے۔ حاصل بزنجو نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرکے سینیٹرز کو ڈرا اور دباؤ ڈال رہے ہیں۔ حکومت کچھ بھی کرلے اپوزیشن کسی بھی صورت جھکے گی نہ ہی پیچھے ہٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کا معاملہ کسی علاقے کا مسئلہ نہیں ہے، یہ معاملہ اپوزیشن اور حکومت کا ہے، یہ قبائلیوں سے متعلق معاملہ یا ایجنڈا نہیں ہے۔ لیکن حکومت یقینا حیلے بہانے کی کوشش کررہی ہے۔علاوہ ازیں لویر دیرمیں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلا عات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن متحد ہیں اور چیئرمین سینیٹ کواب گھر جانا ہوگا مرکزی حکومت بھی جلد انجام کو پہنچ جائیگی، حکومت نے ترقیاتی کاموں کے بجائے تمام تر توجہ نیب کے ذریعے اپوزیشن کو جیلوں میں ڈالنے پر مرکوز کر رکھی ہے، ہر ادارے کو اپنی حدود میں کام کرنا چاہیے اداروں کا سیاست میں مداخلت ملک اور جمہورت کے لیے زہر قاتل ہے ۔ قمر زمان کائرہ نے کہاپیپلز پارٹی احتساب کے خلاف نہیں لیکن حکومت صرف اپوزیشن کا احتساب کرکے انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے پر متحد ہے ۔