کشمیری آج دنیا بھر میں یوم الحاق پاکستان منائیں گے

195

مظفرآباد(اے پی پی)کشمیری آج دنیا بھر میں یوم الحاق منائیں گے ۔صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغامات میں کہا ہے کہ 19جولائی کادن کشمیریوں کے لیے ایک تاریخ ساز دن ہے، 19جولائی1947ء کو کشمیریوں نے قرارداد الحاق پاکستان منظور کر کے اپنے مستقبل کا تعین کر دیا تھا، کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں،بھارت نے گزشتہ کئی دہائیوںسے کشمیریوں کو ان کے عالمی سطح پرتسلیم شدہ پیدائشی حق ، حق خودارادیت سے محض طاقت کے بل بوتے پر محروم کر رکھا ہے ، کشمیری عوام بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے کی اس مذموم سازش کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔صدرآزادجموں وکشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ 19جولائی 1947ء کا دن کشمیر کی تاریخ کا اہم باب ہے،آج ہی کے دن سرینگر میں قرارداد الحاق پاکستان منظور کی گئی ۔ تقسیم ہند کے فارمولے کے تحت ریاستوں کا فیصلہ استصواب رائے کے ذریعے ہونا تھا ۔ بھارت کی درخواست پر اقوام متحدہ نے یہ فیصلہ کیا تھا لیکن بعد کے واقعات شاہد ہیں کہ بھارتی حکمران اپنے وعدہ سے مکمل طور پرمنخرف ہو گئے جس کے نتیجے میں حق خوداراردیت کی تحریک کا آغاز ہوا جو آج بھی اسی تسلسل سے جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر پاکستان کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے اتحاد و اتفاق پیدا کریں۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجا محمد فاروق حیدر خان نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ قرارداد الحاق پاکستان منظور کر کے کشمیری عوام نے اپنی قسمت پاکستان کے ساتھ وابستہ کرنے کا جو تاریخ ساز فیصلہ کیا تھا وہ اس میں ضرور کامیاب ہوں گے اور کشمیر یوں کو ان کا بنیادی حق ، حق خوداردیت ضرور ملے گا ۔ آج آزاد جموں و کشمیر کے طول و عرض میں الحاق پاکستان کا دن منایا جا رہا ہے ۔ اس دن کوہر سال مقبوضہ کشمیر کے عوام اور مہاجرین مقیم پاکستان بھی دل کی اتھاہ گہرائیوں سے روایتی جوش و جذبہ کے ساتھ مناتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں کشمیری عوام کا بھرپور ساتھ دیا ہے جو ان کیکشمیریوں کے ساتھ جذباتی وابستگی کا مظہر ہے۔