جج ارشد ملک کی حمایت میں حکومتی پریس کانفرنس غلط ہے، فواد چودھری

335

جدہ(صباح نیوز)وفاقی حکومت کی جانب سے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی حمایت پر وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب معاملہ عدالتوں اور ن لیگ کے درمیان ہے تو حکومت کیوں جج ارشد ملک کے بیان کی حمایت میں پریس کانفرنس کر رہی ہے۔ وزرا کو ان معاملات پر نہیں بولنا چاہیے، یہ غلط ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو جدہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں فواد چودھری نے سابق حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سابق حکومتوں نے جو 10سال میں قرض لیا وہ لگا کہاں؟ انہوں نے کہا کہ دوست ممالک سعودی عرب اور چین کے تعاون سے پاکستان کو مشکلات سے نکال رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت انڈسٹری قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو روزگار ملے۔ فواد چودھری نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی قیدیوں کی رہائی سے متعلق قوم بہت جلد خوشخبری سنے گی۔