انگوٹھے کا نشان مٹ جانے والے بزرگ شہریوں کے لیے بائیو میٹرک کی شرط ختم

292

اسلام آباد(صباح نیوز) حکومت نے انگوٹھے کا نشان مٹ جانے والے بزرگ شہریوں کے لیے بائیو میٹرک کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایسے بزرگ شہری جن کے بائیو میٹرک کے نشانات مٹ چکے ہیں اور انہیں اکائونٹس کھلوانے، شناختی کارڈز اور موبائل سم میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ حکومت نے ان کی مشکلات ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔وزیر اعظم نے نادرا کو انگوٹھے کے نشانات مٹ جانے والے شہریوں کے لیے فوری اقدامات کا ٹاسک دے دیا۔وزیر اعظم آفس نے نادرا کو 30روز کے اندر کام مکمل کرنے کی ہدایت کر دی جبکہ وزیر اعظم آفس، وزارت داخلہ اور نادرا کے مابین ٹاسک مینجمنٹ سسٹم قائم کر دیا گیا۔وزیر اعظم آفس کے مطابق جن شہریوں کی انگوٹھے کے نشانات مٹ چکے ہیں ان کے لیے اب الگ میکنزم تیار کیا جائے گا۔