صادق سنجرانی کیخلاف عدم اعتماد کی قرارداد تیار اپوزیشن ارکان آج دستخط کرینگے

274

اسلام آباد (صباح نیوز) سینیٹ میں اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس آج ( منگل کو ) پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کر لیا گیا ہے ۔ اجلاس ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجا ظفر الحق کی صدارت میں ہو گا ، چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد کی قرار داد پر دستخط کیے جائیں گے ، اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ ( ن ) ، پاکستان پیپلز پارٹی ، جمعیت علما اسلام ( ف ) ، نیشنل پارٹی ، پختونخوا ملی عوامی پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے ارکان سینیٹ شریک ہوں گے ۔ اپوزیشن کے تمام ارکان سینیٹ کو اجلاس کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ۔ اجلاس میں عدم اعتماد کی قرار داد پر دستخط کیے جائیں گے ۔ اجلاس کے حوالے سے نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر میر حاصل بزنجو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عدم اعتماد کے حوالے سے اپوزیشن کے مشترکہ اجلاس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے ۔ قرار داد کے مسودے پر غور کیا جائے گا، اجلاس میں شریک ارکان قرار داد پر دستخط کریں گے۔ ایک تجویز یہ ہے کہ 26 ارکان سینیٹ کے دستخطوں سے یہ قرار داد جمع کرائی جائے ۔ اجلاس کے بعد چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد کی قرار داد سیکرٹری سینیٹ کے پاس جمع کرا دی جائے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں میر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ نہ ابھی تک وہ امیدوار ہیں اور نہ کسی نے ان کا نام تجویز کیا ہے ۔صحافی نے استفسار کیا کہ کیا اپوزیشن سینیٹرز کا اجلاس بلانے کا مقصد نمبر چیک کرنا ہے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں زیادہ سے زیادہ سینیٹر زکے ساتھ قرار داد جمع کرائیں ۔دوسری طرف چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی متحرک ہوگئے ہیں ، انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی اور اتحادی جماعتوں کا اجلاس طلب کرلیاہے۔ اجلاس میں قائد ایوان شبلی فراز، اعظم سواتی، سینیٹراحمد خان،سینیٹر مرزا آفریدی سمیت دیگر شریک ہوںگے۔اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ممکنہ تحریک عدم اعتماد جمع کرائے جانے پر حکمت عملی طے کی جائیگی۔ چیئرمین سینیٹ انفرادی طور پر اراکین سینیٹ سے حمایت کی درخواست بھی کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے سینیٹرزسے رابطوں سے متعلق حکمت عملی طے کی جائیگی،چیئرمین سینیٹ نے بلوچستان عوامی پارٹی کے جنرل سیکرٹری سینیٹر منظور کاکڑ، سینیٹر احمد خان ،سینیٹر مرزا آفریدی کو رابطوں سے متعلق اہم ٹاسک بھی سونپ دیاہے۔