وزیراعلیٰ پنجاب کا بارش کے بعد رات گئے لاہور شہر کا دورہ

148

لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے رات گئے بارش کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے کیلیے لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے بغیر پروٹوکول اور سیکورٹی مختلف علاقوں میں جاکر صورتحال کا خود جائزہ لیا۔ عثمان بزدار نے فیروزپور روڈ، اچھرہ، شاہ جمال، مسلم ٹائون، کینال روڈ اور جیل روڈ کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ شہر میں نکاسی آب اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیتے رہے۔ عثمان بزدار نے شہر میں نکاسی آب کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار
رات گئے سروسز اسپتال بھی پہنچ گئے۔ اسپتال میں مریض اور ان کے لواحقین رات کے آخری پہر وزیراعلیٰ کو دیکھ کر حیران رہ گئے۔’’آپ یہاں؟‘‘ حیران مریض نے وزیراعلیٰ سے سوال کیا تو وزیراعلیٰ نے جواباً کہا ’’جی ہاں، آپ کی خیریت معلوم کرنے آیا ہوں‘‘۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار مریضوں اور ان کے لواحقین سے دوستانہ انداز میں گفتگو کرتے رہے اور سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رات گئے شہر کے دورے کا مقصد حقیقی مسائل سے آگاہی حاصل کرنا ہے تاکہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کو حقیقی ریلیف کا ہدف پورا کیا جاسکے۔