الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں سے گوشوارے 29 اگست تک طلب کر لیے

164

اسلام آباد، کوئٹہ(اے پی پی+آن لائن)الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں سے مالی سال 2018-19ء کے حسابات کے گوشوارے 29 اگست تک طلب کر لیے ہیں۔الیکشن کمیشن کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان گوشواروں میں سالانہ آمدنی، اخراجات اور اثاثوں کے حوالے سے تمام تفصیلات موجود ہونی چاہیے اور الیکشن کمیشن ایکٹ کے تحت تمام سیاسی جماعتیں اپنی آمدنی اور اخراجات کے گوشوارے الیکشن کمیشن میں جمع کرانے کی پابند ہیں۔مالی حسابات کے گوشوارے چارٹرڈ اکاوئنٹنٹ سے آڈٹ شدہ ہونے چاہیں اور ان کی طرف سے پارٹی عہدیدار کو یہ سرٹیفکیٹ بھی دیاجائے گا کہ پارٹی کے
لیے الیکشن ایکٹ کے تحت کسی ممنوع ذرائع سے حاصل کردہ کوئی فنڈ وصول نہیں کیا گیا۔یہ گوشوارے الیکشن ایکٹ 2017ء کے تحت دستیاب فارم ڈی پر مرتب ہونے چاہییں۔یہ فارم ڈی الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد،پنجاب،سندھ،خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں صوبائی الیکشن کمشنرز کے دفاتر سے مفت دستیاب ہیں۔علاوہ ازیںالیکشن کمیشن نے چیئرمین سینیٹ کے اثاثہ جات کی تفصیلات جاری کر د یں۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے اثاثوں کی مالیت 9کروڑ93لاکھ روپے سے زاید ہے ۔الیکشن کمیشن کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی پاکستان میں جائداد کی مالیت 5 کروڑ53لاکھ روپے ہیں۔سینیٹر صادق سنجرانی کے پاکستان میں کاروبار کی مالیت 3 کروڑ 30 لاکھ روپے ہے ۔