کے پی کے:خاصا دار اور لیویز کی پولیس میں انضمام کی ہدایت

140

پشاور(آن لائن)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے خاصا دار اور لیویز اہلکاروں کی پولیس میں انضمام کے لیے متعلقہ قواعد و ضوابط کو ایک ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ یکم اگست کو تمام لیویز اور خاصا دار اہلکاروں کو پولیس کے متوازی عہدوں کے برابر تنخواہ فراہم کردی جائیں گی۔یہ بات انہوں نے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے قبائلی اضلاع اجمل وزیر، وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی، چیف سیکرٹری محمد سلیم خان، آئی جی خیبر پختونخوا ڈاکٹر نعیم
خان و دیگر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ ضم شدہ اضلاع میں لیویز اور خاصا دار اہلکاروں کی تمام تر اسامیاں پولیس میں ضم کر دی گئی ہیں، تمام تر انتظامی اور مالیاتی امور پولیس کے حوالے کردیے گئے ہیں ،خاصا دار اور لیویز کے تمام تر عہدوں کو پولیس کے متوازی عہدوں میں تبدیل کیا جا چکا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے خاصا دار اور لیویز آرڈیننس کے تحت درکار قواعد وضوابط کو حتمی شکل دینے کے لیے محکمہ قانون، خزانہ، اسٹیبلشمنٹ، ہوم اور پولیس پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جو ایک ماہ کے اندر رپورٹ پیش کرے گی۔