حکومت امیر کے ٹیکس کا بوجھ غریب پر نہ ڈالے،ثروت قادری

167

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک کی دولت لوٹنے والوں کا بلاتفریق احتساب اور بے نامی جائدادوں کو حکومتی تحویل میں لینا ہوگا، ملک کو معاشی واقتصادی طور پر مستحکم اور خوشحال بنانے کیلیے ہر محب وطن کو کردار ادا کرنا ہوگا،امیروں کے ٹیکس کا بوجھ غریبوں پر نہ ڈالا جائے،بجلی،گیس،پیٹرول اور کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوںمیں فوری کمی کی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے جاری ایک بیان میں کیا۔ ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ بجٹ میں غریبوں،تاجروں اور صنعتکاروں کو سہولتیں فراہم کی جائیں،قرضوں کا بوجھ عوام پر ڈالا جارہا ہے اس کے اثرات مہنگائی کی صورت میں ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ مہذب دنیا میں ریاست کو ٹیکس دے کرمعاشی واقتصادی طور پر مضبوط کیا جاتا ہے، حکومت ٹیکس وصولی کیلیے عوام وتاجر دوست پالیسی اپنائے، ہم عوام کے ساتھ ہیں، عوام دشمن پالیسیوں کا کسی صورت ساتھ نہیں دیںگے۔ثروت اعجاز قادری نے مزید کہا کہ حکومت غریبوں کیلیے پیکیج اور ریلیف کا اعلان کرے،عوامی مسائل حل ہوںگے تو جمہوریت مضبوط ہوگی،آئین وقانون کی بالادستی میں ہی ترقی کا راز پوشیدہ ہے۔