جوڈیشل کونسل جسٹس فائز عیسیٰ کیخلاف ریفرنس کی سماعت اٹارنی جنرل پیش نہ ہوئے

126

اسلام آباد (آن لائن) سپریم جوڈیشل کونسل میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس کے کے آغا کیخلاف حکومتی ریفرنسز کی سماعت مختصر کارروائی کے بعد ختم ہوگئی۔ سپریم جوڈیشل کونسل میں عدالت عظمیٰ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس کے کے آغا کیخلاف حکومتی ریفرنسز کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس گلزار احمد، جسٹس شیخ عظمت سعید، چیف جسٹس احمد علی محمد شیخ اور جسٹس وقار احمد سیٹھ پر مشتمل سپریم جوڈیشل کونسل کے 5 اراکین نے ریفرنسز کی سماعت کی۔ اٹارنی جنرل پاکستان انور منصور خان سپریم جوڈیشل کونسل میں پیش نہ ہوئے۔ اٹارنی جنرل کی عدم موجودگی میں جوڈیشل کونسل کی کارروائی چند منٹ چلنے کے بعد ہی ختم ہوگئی۔ دوسری جانب حکومتی ریفرنسز کے خلاف ملک کی کئی عدالتوں میں وکلا کے چند دھڑوں نے احتجاج کرتے ہوئے ہڑتال کی اور عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔ واضح رہے کہ حکومت نے اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے خلاف بیرون ملک خفیہ جائدادرکھنے پر یہ ریفرنس دائر کیا ہے۔