چیئر مین سینیٹ کو ہٹانے کیلیے بلوچستان کو قربانی دیناہوگی،جے یو آئی

257

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)چیئر مین سینیٹ کو ہٹانے کیلیے بلوچستان کو قربانی دیناہوگی،تمام اپوزیشن جماعتیں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ہٹانے اور رضا ربانی کو چیئرمین بنانے پر متفق ہیں۔ ان خیالات کا اظہارجمعیت علما اسلام بلوچستان کے امیر ورکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنمائوں کی گرفتاری حکومت کی بوکھلاہٹ کاثبوت ہے، مولانافضل الرحمن کی زیرصدار ت آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں پر عملدرآمد سے قبل حکومت کا بوریا بسترگول ہوجائے گا کیونکہ آسیہ ملعونہ کی رہائی اور صحابہ کرام ؓکے بارے میں وزیراعظم کے توہین آمیز ریمارکس کے بعد ہر مسلمان کی آنکھیں کھل گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وفاق کی جانب سے اختر مینگل کو 10 ارب میں سے 10لاکھ کے ترقیاتی فنڈ بھی مشکل سے ملیں گے، اخترمینگل بھی اپوزیشن کے ساتھ مل جائیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیاہے کہ بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کو ہٹانے کی نوبت نہیں آئے گی بلکہ اپوزیشن جماعتیں وزیراعلیٰ بلوچستان کو ہٹا دیں گی،جے یو آئی کے 13ملین مارچ سے حکومت بو کھلاہٹ کا شکار ہے ،21جولائی کو کوئٹہ میں ناموس رسالت ملین مارچ ہوگا ۔