نوازشریف روز گوشت اور انڈے کھا رہے ہیں‘ ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب

138

لاہور (نمائندہ جسارت) ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز گل نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور مریم نواز جھوٹ بول رہے ہیں کہ نواز شریف کے لییگھر کا کھانا بند کردیا ہے ‘ آج بھی ان کا کھانا گھر سے آیا ہے ‘ وہ روز گوشت اور انڈے کھا رہے ہیں اور پھر بھی دعویٰ کیا جاتا ہے کہ نواز شریف کی90 فیصد شریانیں بند ہیں‘ مریم صفدر ڈاکٹر عدنان کو کارڈیالوجسٹ بناکر پیش کرتی ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ جیل قوانین کے مطابق باہر سے کسی ڈاکٹر کی ضرورت نہیں ہے‘ ڈاکٹر عدنان جیل جاتے ہیں اور باہر آکر غلط بیانی کرتے ہیں‘ جیل مینوئل میں باورچی تو دیا جاسکتا ہے لیکن گھر سے کھانا لانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے‘ نواز شریف کو 21 کارڈیالوجسٹ کی سہولت دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی اس پر غور جاری ہے کہ نواز شریف کا کھانا جیل میں تیار کیا جائے اور اس کی چیکنگ بھی کی جائے تاکہ نواز شریف کی صحت پر برا اثر نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ان کو پریشانی یہ ہے کہ ایک تو اے پی سی ناکام ہوئی ہے اور دوسرا ن لیگ کے ارکان جنہوں نے عوام کی خدمت کرنے کے لیے مینڈیٹ لیا ہے ‘ان کے ساتھ ہمارے بات چیت ہوئی ہے ‘ وہ پارٹی ڈسپلن کے پابند رہتے ہوئے عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری پر سیاست کی جارہی ہے‘ اس گرفتاری پر مذاق کیا جا رہا ہے۔ شہباز گل کا کہنا تھا کہ آج نواز شریف کے گھر سے کریلے، چاول اور شوربے والا گوشت آیا ہے۔