روپے کی بے قدری نے عوام کی زندگی اجیرن کردی

212

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 115کے امیرمیاںاجمل حسین بدر ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری یوسف گل پراچہ نے کہا ہے کہ مہنگائی کے طوفان اور روپے کی بے قدری نے عوام کی زندگی اجیرن کردی جو حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ پانی کی کمی کی وجہ سے زمینیں بنجر اور عوام معاشی طور پر بدحال ہوچکے ہیں۔ پی ٹی آئی نے حکومت سنبھالتے ہی بجلی و گیس کے نرخ آسمان پر پہنچا دیے۔ پہلے گیس کے نرخوں میں 140 فیصد اضافہ کردیا گیا، پیٹرولیم نرخوں میں اضافہ، ڈالر کی قیمتوں میں اضافہ اور روپے کی قدر میں کمی سے عوام کا سکھ اور چین لوٹ لیا گیا ہے۔ اب حکومت نے بجلی کے نرخوں میں ڈیڑھ روپے فی یونٹ اور گیس کے نرخوں میں 204 فیصد اضافے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ حکومت غریب، مظلوم اور بے بس عوام کے لیے آخر ’’جلاد‘‘ کیوں بن گئی ہے؟۔ انہوں نے مزید کہا کہ تبدیلی کے نام پر عوام سے ایک بار پھر دھوکا کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے ورکرز بھی اس صورت حال پر شرمندہ ہیں اور عوام کے سوالات کا سامنا نہیں کر پا رہے۔ بغیر تیاری اور ہوم ورک کے پی ٹی آئی حکومت نے زرداری اور نواز شریف حکومتوں کی پالیسیوں کو اپنا لیا ہے۔ جن پالیسیوں نے ملک کو مہنگائی، کرپشن، لاقانونیت ، میرٹ کی پامالی اور دہشت گردی جیسے عذابوں میں مبتلا کیا، وہی پالیسیاں اب دوبارہ اختیار کی جارہی ہیں، جن کے نتیجے میں تبدیلی کے خواب دم توڑتے نظر آرہے ہیں اپوزیشن اور حکومت کی نورا کشتی کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔