فیصل آباد: ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 8افراد جاں بحق

181

فیصل آباد (اے پی پی) منگل کی صبح فیصل آباد سے 5کلو میٹر دور پنڈی بھٹیاں فیصل آباد موٹر وے ایم تھری کے ساہیانوالہ انٹر چینج کے قریب سوزوکی کیری ڈبہ اور ٹرک میںخوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کی 3خواتین ، 2بچوں اور 3مردوں سمیت 8افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی۔سٹی پولیس فیصل آباد اور ریسکیو 1122کے ترجمان نے بتایاکہ فیصل ا ٓباد کے نواحی علاقہ چک نمبر 136رب پاکھریوالہ فیصل آباد کا رہائشی بد قسمت خاندان سوزوکی کیری ڈبہ میں سوار ہو کر فیصل آباد سے لاہور جا رہا تھا کہ ساہیانوالہ انٹر چینج کے قریب آگے جانے والے ٹرک کے اچانک بریک لگانے پر سوزوکی کیری ڈبہ عقبی سمت سے ٹرک کے ساتھ ٹکرا گیا۔انہوںنے بتایا کہ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ سوزوکی کیری ڈبہ کے پرخچے اڑ گئے۔انہوںنے بتایاکہ افسوسناک تصادم کے نتیجہ میں کیری ڈبہ میں سوار ایک ہی خاندان کی 3خواتین ، 2بچوں اور 3مردوں سمیت 8افراد سرفراز ولد امانت علی عمر 32سال ،ندیم انجم ولد لیاقت علی عمر 40سال ،محمد اکرم ولد مختار عمر 50سال ، عبدالمنان ولد ندیم عمر 6سال ،زینب دختر اجمل عمر 3سال،رضیہ زوجہ امانت علی عمر 60سال ،مریم زوجہ ریاض عمر45سال،شبانہ زوجہ اجمل عمر 35سال موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ایک خاتون فرخندہ زوجہ ندیم عمر 36سال شدید زخمی ہو گئی جس کی حالت خطرناک بیان کی گئی ہے۔انہوںنے بتایاکہ حادثہ کی شدت کے باعث اکثر ہلاک شدگان کو گاڑی کی باڈی کاٹ کر نکالا گیا ۔دریں اثنا ٹرک ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے مذکورہ المناک سانحہ پر دلی رنج و غم اور افسوس سمیت پسماندگان کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر فیصل آباد محمود جاوید بھٹی اور ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد غلام محمود ڈوگر سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔انہوںنے الائیڈ اسپتال کی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی کہ وہ زخمی خاتون کی زندگی بچانے کے لیے کسی تساہل سے کام نہ لیں۔